ایم کیو ایم پاکستان کی ایک اور پتنگ کٹنے کو تیار

ایم کیو ایم پاکستان کی ایک اور پتنگ کٹنے کو تیار


کراچی (24نیوز)  ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنونیئر کامران ٹیسوری نے پارٹی پالیسی پر تحفظات کا اظہار کر دیا، انکا کہنا تھا کہ پارٹی پالیسی پر تحفظات ہیں لیکن انہوں نے ابھی پارٹی نہیں چھوڑی، تحفظات فاروق ستار کے آگے رکھے ہیں، تحفظات دور نہ ہونے پر آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کروں گا.

تفصیلات کے مطابق اپنی رہائشگاہ پر ڈاکٹر فاروق ستار کی والدہ اور اہلیہ کے علاوہ ایم کیو ایم چھوڑنے والے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوےکامران ٹیسوری کا کہنا تھا میرے پارٹی پالیسی پر اختلافات اور تحفظات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب فاروق ستار حیدر آباد سے واپس آئیں گے تو ملاقات کرکے اپنے تحفظات بتاونگا اور اگر میرے تحفظات دور نہیں کیے گئے تو پھر میں اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرونگا انکا کہنا تھاہر پارٹی میں اختلاف رائے ہوتا ہے اور فاروق ستار کے واپس آنے بعد میں اور علی رضا ان سے ملاقات کرینگے انہوں نے کہا کہ کراچی کے مہاجروں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے اور اگر میں زبان کھولوں گا تو بہت سارے پینڈورا باکس کھل جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا صوبہ سندھ کا گورنر تک مہاجر نہیں اور ہم سے یہ حق بھی لے لیا گیا جبکہ ایسا لگتا ہے کہ ہمیں اس صوبے میں رہنے کا حق نہیں انہوں نےآرمی چیف،وزیر اعظم سے اپیل کی کہ ہمارے حقوق کو سلب نہ کیا جائے ورنہ ہم مہاجر صوبہ بنانے کا سوچیں گے۔

پریس کانفرنس سے قبل فاروق ستار کی والدہ اور اہلیہ نے کامران ٹیسوری سے بھی ملاقات کی۔