50 واں یوم تاسین: پیپلز پارٹی آج اسلام آباد میں جلسہ کرے گی

50 واں یوم تاسین: پیپلز پارٹی آج اسلام آباد میں جلسہ کرے گی


اسلام آباد (24نیوز)  پیپلز پارٹی آج گولڈن جوبلی منا رہی ہے،اسلام آباد کے پریڈ گراونڈ میں عظیم الشان جلسہ ہوگا جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  50سالہ تقریبات کے حوالے سے پیپلز پارٹی آج اسلام آباد پریڈ میں ایک بڑا جلسہ کر رہی ہے، انتظامات کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ، کل بلاول بھٹو زرداری نے بھی جلسہ گاہ کا دورہ کیا تھا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

پیپلز پارٹی جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں ، خصوصی اسٹیج کی لمبائی 160 جبکہ اونچائی 24 فٹ ہے اور 100 سے زائد کرسیاں سٹیج پر لگائی گئیں ہیں ،جبکہ ساونڈ سسٹم کی ذمہ داری ڈی جے بٹ پر ہے۔

جلسے کو پیپلزپارٹی قیادت سیاسی منظرنامے میں بڑی تبدیلی سے تعبیر کررہی ہے، دوسری جانب صوبہ سندھ سے قافلے پریڈ گراﺅنڈ جلسہ میں شرکت کےلئے پہنچ گئے، خیبرپی سے آج پہنچیں گے،کھاریاں،میرپورخاص،لاہور، اور پاراچنار سے قافلے پہنچ رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف ایک بڑے جلوس کے ہمراہ گوجر خان سے ، ضلع اٹک سے سابق وزیر سردار سلیم حیدر بڑے قافلے کے ہمراہ ، اسلام آباد سے نرگس فیض ملک خواتین کی ریلی کے ہمراہ جلسہ گاہ آئیں گی۔

راولپنڈی اور گردو نواح کی تمام یونین کونسلوں کے جیالے بے نظیر بھٹو کی جائے شہادت پر اکٹھے ہوں گے، جلسہ گاہ میں میوزک ، لائٹس ، نشستوں سمیت تمام انتظامات کو گزشتہ روز حتمی شکل دیدی گئی، جلسہ گاہ کے اطراف میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔