انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے روس پر پابندی عائد کردی

انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے روس پر پابندی عائد کردی


ماسکو (24نیوز) ڈوپنگ اسکینڈل کے باعث روس ونٹر اولمپکس سے باہر ہوگیا، اولمپکس 2018میں روس کی شرکت پر پابندی عائد کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے ڈوپنگ کی وجہ سے روس پر آئندہ برس جنوبی کوریا کے شہر پیونگچین میں منعقد ہونے والے ونٹر اولمپکس میں شرکت کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

روس نے 2014 میں سوچی کے سرمائی اولمپکس کی میزبانی کی تھی اور اس دوران سرکاری سر پرستی میں ڈوپنگ کی شکایات موصول ہونے کے بعد یہ تحقیقات شروع کی گئیں۔ چیئرمین آئی او سی تھامس اور ان کے بورڈ نے 17 ماہ کی تحقیقاتی رپورٹس اور تجاویز کو پڑھنے کے بعد فیصلے کا اعلان کیا۔

انہوں نے روس پر اپنے کھلاڑیوں کے لیے ڈوپنگ کا منظم پروگرام چلانے کا الزام عائد کیا اور دعوی کیا کہ روس نے ایک دوا بنائی جس سے کھلاڑی کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

تاہم روس کے وہ ایتھلیٹس جو یہ ثابت کر سکیں گے کہ وہ ڈوپنگ میں ملوث نہیں، انہیں نیوٹرل پرچم کے تحت جنوبی کوریا میں ہونے والے مقابلوں میں شرکت کرنے کی اجازت دی جائے گی۔