ہیپاٹائٹس کنٹرول آرڈیننس پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے: شہباز شریف

ہیپاٹائٹس کنٹرول آرڈیننس پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے: شہباز شریف


لاہور (24 نیوز): وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس، کہتے ہیں کہ محکمہ پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر کی استعداد کار بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جائیں، ہسپتالوں کے میڈیکل سپریٹنڈنٹس کیلئے مینجمنٹ کورس کا پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے۔

 

وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس ہوا، انہوں نے کہا کہ اب تک 15 ہزار مریضوں کو ادویات ان کے گھروں میں پہنچائی گئی ہیں، جون 2018ء تک ہیپاٹائٹس کے 1 لاکھ مریضوں کو انکے گھروں پر ادویات کی فراہمی کا ہدف پورا کرینگے، ٹی بی کنٹرول پروگرام کے تحت 5 ہزار مریضوں کو مفت ادویات انکے گھروں پر مہیا کی جاچکی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کی روک تھام کیلئے ہیپاٹائٹس کنٹرول آرڈیننس کا اجراء کیا گیا ہے، میاں شہباز شریف نے کہا کہ آرڈیننس کے نفاذ اور اس پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے۔

 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی سطح پر 60 چھوٹے ہیپاٹائٹس کلینکس فعال کیے گئے ہیں، انہوں نے ہیپاٹائٹس کی روک تھام اورعلاج معالجے کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے بھر پور مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے 40 ہسپتالوں میں اصلاحات کا عمل تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، 14 مزید بڑے موبائل ہیلتھ یونٹس جبکہ 20 چھوٹے یونٹس جلد فنکشنل ہوں گے، دوسرے مرحلے میں مزید 85 ہسپتالوں میں اصلاحات لائی جائیں گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں سی ٹی سکین مشینوں کی فراہمی کے پروگرام کو بھی تیزی سے آگے بڑھایا جارہا ہے، ادویات کی خریداری، ترسیل اور فراہمی کا ڈیجیٹل نظام بنایا گیا ہے۔

 

سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر علی جان خان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہیپاٹائٹس کی روک تھام کیلئے ہیرسیلون، بیوٹی پارلرز اور باربرز کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیر سمیت اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران نے سول سیکرٹریٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔