ہسپتالوں میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے:خواجہ عمران نذیر

ہسپتالوں میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے:خواجہ عمران نذیر


 لاہور(24نیوز): صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کو بہتر بنانے کے لئے جو انتظامات کئے جا رہے ہیں مستقبل میں یقینا مفید ثابت ہوں گے، کسی بھی مریض کو ہسپتال سے بغیر وجہ ریفر کیا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کے زیراہتمام فلیٹیز ہوٹل میں ماہانہ ایم ایس کانفرنس ہوئی۔ چھتیس اضلاع کے ٹی ایچ کیو اور ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کے ایم ایس نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ایک سو پچیس ہسپتالوں کی بہتری کے لئے پی سی ون کی منظوری دی دی گئی ہے۔ تیس لاکھ ، پچاس لاکھ اور ایک کروڑ روپے کی لاگت سے پچاسی ہسپتالوں کوبہترکیاجائے گا، اس موقع پر بہترین کار کردگی دکھانے پر کھاریاں کے ایم ایس کو شاباش دی گئی۔

خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ تمام ہسپتالوں میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، کسی بھی ٹی ایچ کیو اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بغیر وجہ مریض کو ریفر کرنے پر انکوائری کی جائے گی اور سخت کارروائی ہو گی۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جب سے محکمے میں دو وزیر آئے ہیں ،معاملات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔ اب بیماریوں کے حوالے سے آگاہی پر دھیان دیا جا رہا ہے تاکہ بیماریوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔